بنگلورو،19؍فروری (ایس او نیوز) پچھلے مالی سال میں نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت نے پورے ملک کے اقلیتوں کے لئے 2020-21 کے بجٹ میں 5,104 کروڑ روپئے مختص کئے تھے۔ جن اسکیموں اور فلاحی پروگراموں کے لئے یہ رقم فراہمی کی گئی تھی کووڈ وباء کی وجہ سے اس میں کٹوتی بھی کردی گئی۔ آئندہ ماہ رواں مالی سال ختم بھی ہوجائے گا۔
حال ہی میں مرکزی حکومت نے 2021-22 کا بجٹ پیش کیا ہے جس میں پچھلے سال کے فنڈ میں کمی کرکے پورے ملک کی اقلیتوں کے لئے 4,810.77 کروڑ روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔اس میں کتنی رقم جاری ہوگی۔ یہ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ ریاستی وزیر برائے امور اقلیت شریمنت پاٹل، کے ایم ڈی سی چیرمین مختار حسین پٹھان اور ریاستی بی جے پی مائنارٹی مورچہ کے صدر نرمل احمد بابو نے بی جے پی کے صدر دفتر میں ایک اخباری کانفرنس طلب کی تھی جس میں ایک بیان اخباری نمائندوں کو دیا گیا ہے۔
اس اخباری بیان میں صرف مرکزی بجٹ میں اقلیتوں کے لئے مختص 4,810.77کروڑ روپئے اور مختلف مدوں کے لئے کتنا فنڈ مختص ہے اس کاذکر ہے۔لیکن ریاستی حکومت نے پچھلے سال اقلیتوں کے لئے کتنا بجٹ مختص کیا ہے اور اب تک کتنا فنڈ جاری کیا ہے اس کا کہیں بھی ذکر نہیں۔جب ریاستی بجٹ میں اقلیتوں کو دئے گئے بجٹ سے متعلق پوچھا گیا تو انہو ں نے صرف اتنا کہا کہ رواں سال کووڈ وباء کی وجہ سے تمام محکموں کے بجٹ میں کٹوتی کی گئی ہے۔ اگلے بجٹ میں اقلیتوں کو مناسب فنڈ مختص کئے جانے کی امید ہے۔
مائنارٹی مورچہ کے مزمل احمد نے بتایا کہ حال ہی میں بی جے پی مائنارٹی مورچہ کے عہدیداروں پر مشتمل وفدنے وزیراعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا سے ملاقات کرکے انہیں ایک عرضداشت پیش کی۔ اگلے ریاستی بجٹ میں اقلیتوں کے لئے 3ہزار کروڑ روپئے مختص کرنے کی درخواست کی ہے۔وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کو مناسب بجٹ دینے کا تیقن دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بجٹ سے قبل بلا تفریق پارٹی تمام مسلم لجس لیٹرس کو وزیراعلیٰ سے ملاقات کرکے اقلیتوں کی فلاح و بہبودی کے لئے مناسب فنڈ بجٹ میں مختص کرنے کامطالبہ کرنا چاہئے۔ انہیں امید ہے کہ وزیراعلیٰ ضرور مسلم لجس لیٹرس کو اہمیت دیں گے۔